امریکی وزیرخارجہ کا اکتوبر میں دورہ پاکستان متوقع

امریکی وزیرخارجہ کا اکتوبر میں دورہ پاکستان متوقع
کیپشن: امریکی وزیرخارجہ کا اکتوبر میں دورہ پاکستان متوقع

ویب ڈیسک: پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان نے اس دورے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جبکہ یہ دورہ ممکنہ طور پر اکتوبر 2025 میں متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اس مجوزہ دورے میں دونوں ممالک کے درمیان انسدادِ دہشتگردی، تجارت اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ اگر یہ دورہ عمل میں آتا ہے تو مارکو روبیو کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکا کے کسی وزیرِ خارجہ کا پاکستان کا آخری دورہ ستمبر 2018 میں ہوا تھا، جب اُس وقت کے امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ اُس دورے کے دوران امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ برسراقتدار تھی۔ اس کے بعد سے اب تک کسی امریکی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے واشنگٹن ڈی سی میں اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے اہم ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع، زرعی تعاون اور دیگر اہم شعبہ جات میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔

سفارتی ماہرین کے مطابق مارکو روبیو کا متوقع دورہ نہ صرف پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ایک نئی سمت متعین کر سکتا ہے بلکہ خطے کی سیاست اور معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ دورے کی تاریخ اور شیڈول حتمی مشاورت کے بعد باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔

Watch Live Public News