(ویب ڈیسک ) امیگریشن میں آسانی اور انسانی سمگلنگ کا خاتمہ۔ ایف آئی اے نے اے آئی بیسڈ ایپ تیار کرلی۔وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پرپائلٹ پراجیکٹ کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے ہو گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں گزشتہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کو امیگریشن کو سہل بنانے اور انسانی سمگلنگ کے انسداد کی اے آئی بیسڈ ایپ کے بارےبریفنگ دی گئی۔ انہوں نے آئی بیسڈ ایپ کو سراہا اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس اقدام سے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ مسافروں کو قطاروں سے نجات ملے گی۔ ایف آئی اے کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے مطلوبہ فنڈ فوری فراہم کئے جائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہیڈ کوارٹر بلڈنگ کی فوری طور پر اپ گریڈیشن کی ہدایت کی۔انہوں نے سی ڈی اے کو ایف آئی اے اکیڈمی کی نئی الاٹ کردہ اراضی ادارے کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ نے سٹاف کی کمی کے پیش نظر منظور شدہ خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتی کا عمل شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تمام ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بناوں گا ۔ اس کے ساتھ آپ کو کارکردگی بھی دکھانا ہو گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے راجہ رفعت مختار نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا کہ ایف آئی ایکٹ میں ضروری ترامیم پر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔ادارے کو کو قلیل مدت میں ای آفس پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے تمام نوٹس بھی کیو آر کوڈ کے ساتھ جاری کئے جائیں گے۔
ایف آئی اے کے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام زونل ڈائریکٹرز اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔