ویب ڈیسک: سرکاری حج اسکیم کے تحت ملک بھر سے 88 ہزار 700 عازمینِ حج پہلی قسط جمع کرا چکے ہیں، جبکہ لانگ حج پیکج کے تحت اب صرف 18 ہزار 500 نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پنجاب سے 46 ہزار 400، سندھ سے 23 ہزار 500 اور خیبر پختونخوا سے 11 ہزار 300 عازمین نے پہلی قسط جمع کرائی۔
اسلام آباد سے 3 ہزار 933، بلوچستان سے 2 ہزار 555، گلگت بلتستان سے 677 اور آزاد کشمیر سے 362 عازمین نے بھی حج واجبات کی پہلی قسط جمع کرا دی ہے۔
ترجمان کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر آن لائن ادائیگی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے اور صرف 3 روز میں 55 ارب روپے سے زائد کی پہلی قسط وصول کی گئی۔
بلوچستان میں آن لائن ادائیگی کا تناسب 72 فیصد رہا۔
وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027ء کے خواہش مند افراد پر زور دیا ہے کہ وہ حج پورٹل پر اپنے کوائف اور واجبات کی ادائیگی کا عمل جلد مکمل کریں۔