ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار 20 نہیں بلکہ 40 لاکھ افراد کو ساتھ لے کر اسلام آباد جائیں گے۔
ہنگو میں ابوبکر صدیق چوک پر اسٹریٹ موومنٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان سے متعلق عدالتی فیصلے کو حکومت نے نظرانداز کردیا، جس سے ایک بار پھر ثابت ہوا کہ بعض لوگ خود کو آئین اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف کسی ادارے کا حکم آئے تو ایک گھنٹے میں اس پر عملدرآمد ہوجاتا ہے، لیکن عمران خان سے متعلق عدالتوں کے احکامات پر عمل نہیں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اگر طاقتور افراد کو قانون کے مطابق سزا نہیں دی جاسکتی تو پھر کمزور قیدیوں کو بھی رہا کردیا جائے۔ ملک میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہوسکتا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کا مقصد ملک میں کمزور اور طاقتور کے لیے یکساں قانون کا نفاذ ہے۔ ان کے مطابق کسان اور صنعتکار مشکلات کا شکار ہیں اور ملک کو درپیش مسائل پر سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ نوجوانوں نے کرنا ہے، اس لیے انہیں اپنے مستقبل کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔