ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ صحت کے معاملات میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، حکومت کا آج بھی یہی مؤقف ہے اور تحریک انصاف کے دور میں بھی صحت کو سیاسی اختلافات سے دور رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان سے متعلق عدالتی حکم کے بعد حکومت نے کوئی توہین آمیز رویہ اختیار نہیں کیا۔ حکومت آئین اور قانون کے مطابق تمام معاملات آگے بڑھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی قیدی کو خصوصی سہولت دینے سے استثنیٰ کا تاثر نہیں ملنا چاہیے۔ ریویو درخواست میں بھی یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا ایسی سہولت ہر قیدی کو دستیاب ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ حکومت نے صحت سے متعلق کوئی طنز یا تضحیک نہیں کی اور اس معاملے پر اس کا مؤقف نہ پہلے بدلا تھا اور نہ آئندہ بدلے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہر قیدی کے لیے یکساں سہولیات ہونی چاہئیں، کسی کو خصوصی ٹریٹمنٹ نہیں دیا جاسکتا۔ ان کے مطابق ریویو درخواست کے نکات بھی قوم کے سامنے ہیں اور کسی کو خصوصی رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے شفاف طبی معائنہ کرایا گیا، جس کے دوران عمران خان کی ہمشیرہ اور شفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ ان کے مطابق معائنے کے وقت سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل تھے اور سپریم کورٹ کے حکم کی تمام شرائط پوری کی گئیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے آئین و قانون کے مطابق عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنایا، اس لیے اس معاملے پر اعتراض کی گنجائش نہیں۔ تحریک انصاف کو حقائق اور قانون دونوں کا علم ہونا چاہیے۔