ویب ڈیسک:شہر لاہور میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا،کئی شہروں میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 8 جبکہ زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی بھی کم نہ ہو سکی، شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 295 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے بھی خشک سردی جاری رہے گی، شہر لاہور میں کل بارش متوقع ہے، خشک سردی کے باعث شہریوں میں موسمی امراض زور پکڑنے لگے، شہریوں کو موسمی امراض سے بچنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
لہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13، اسکردو منفی 11 ،قلات میں منفی 6 ، بگروٹ منفی 6، کو ئٹہ ،زیارت اورچترال میں درجہ حرارت منفی 5 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ بعض شہروں میں مطلع ابر آلود رہنے کی پیشنگوئی کی ہے۔
موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے ، جبکہ اسلام آباد ، مری ، گلیات اور گلگت بلتستان میں سردی مزید بڑھ سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں دھندے کے باعث موٹرویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 4 خانیوال سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹر وے ایم 5 رحیم یار خان سے گھوٹکی تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہے جس کے باعث ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی اور ڈرائیورز کو فوکس لائٹس کے استعمال کا مشورہ دیا۔