بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ، عظمیٰ خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور

بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ، عظمیٰ خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور
کیپشن: Bushra Bibi's medical check-up, registrar office's objections over Uzma Khan's request

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ میں عظمیٰ خان کی سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست پر لگے رجسٹرار ٓفس کے اعتراضات دور کردیے گئے ہیں، جس کے بعد درخواست کو نمبر الاٹ ہوگیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق جسٹس ثمن رفعت امتیاز کل عظمی خان کی درخواست پر سماعت کریں گی۔ ڈائری برانچ نے عظمی خان کی درخواست پر رٹ نمبر الاٹ کردیا ہے۔ عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کی تھی۔ 

عظمی خان کے وکیل ایڈووکیٹ شیراز احمد رانجھا نے اعتراضات دور کردیے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ بشریٰ بی بی توشہ خانہ کیس میں سزا پانے کے بعد سے بنی گالا رہائش گاہ میں قید ہیں۔ 

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خاندانی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کو بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کی اجازت دی جائے۔ پمز کے سینئر ڈاکٹرز کو بھی ڈاکٹر عاصم یوسف کی موجودگی میں بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کے احکامات دیئے جائیں۔