بشریٰ بی بی کو بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے سے انکار، رپورٹ پیش

بشریٰ بی بی کو بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے سے انکار، رپورٹ پیش
کیپشن: Refusal to transfer Bushra Bibi from Bani Gala to Adiala Jail, report submitted

ویب ڈیسک: اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بشریٰ بی بی کو بنی گالا سے جیل میں منتقل کرنے سے انکار کردیا ہے۔ جس کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشری بی بی کی بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ جیل انتظامیہ نے بشری بی بی کو جیل منتقل کرنے سے انکار کردیا۔

بشری بی بی کی جانب سے وکیل عثمان گل عدالت میں پیش ہوئے۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروادی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بشریٰ بی بی کو جیل منتقل نہیں کر سکتے۔ جیل میں جگہ کم ہے۔ 250 خواتین پہلے ہی جیل میں قید ہیں۔ 

دوسری جانب چیف کمشنر اسلام آباد نے تاحال اپنا جواب جمع نہ کروایا۔ سرکاری وکیل نے چیف کمشنر کے جواب کے لیے وقت دینے کی استدعا کردی۔ 

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی۔