ہائیکورٹس بار کے سالانہ انتخابات کا میلہ سج گیا، ووٹنگ کاعمل جاری

ہائیکورٹس بار کے سالانہ انتخابات کا میلہ سج گیا، ووٹنگ کاعمل جاری
کیپشن: ہائیکورٹس بار کے سالانہ انتخابات کا میلہ سج گیا، ووٹنگ کاعمل جاری

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 2025-26 میں صدر اور سیکرٹری کیلئے ون ٹو ون مقابلہ۔۔سالانہ انتخابات کا میلہ سج گیا جس کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے،سالانہ انتخابات برائے سال 2025-26 کیلئے پولنگ ضلع کچہری ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس اسلام آباد میں ہورہی ہے۔پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوا جو شام ساڑھے 4 بجے تک جاری رہے گا۔ہائیکورٹ بار کے انتخابات کے لیے پولنگ کے دوران 2685 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

صدارت کیلئے عبدالواحد قریشی اور سید واجد علی شاہ گیلانی، کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے،نائب صدارت کیلئے افتخار احمد باجوہ اور راجہ منظر علی کیانی آمنے سامنے ہیں اور سیکرٹری کیلئے چودھری منظور احمد ججہ اور قاسم نواز عباسی مد مقابل ہیں جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کیلئے عمران اشفاق اور ظاہر شاہ مدمقابل ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری کیلئے بشریٰ طارق راجہ اور ڈاکٹر پلوشہ ایاز خان آمنے سامنے ہیں،فنانس سیکرٹری کیلئے فضل مولا اورمحسن علی عباسی کے درمیان مقابلہ کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ ایگزیکٹیو ممبران کیلئے چودھری ذوالقرنین، منظوراحمد، شعیبہ اختر، نازش بی بی، محمد عمر مختار، راشدحنیف، طلعت رضوان، محمد عثمان، محمد عدنان حسین، ملک مظفر خان، سید صلاح الدین شاہ اور فاروق اقبال خان کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے۔

ہائیکورٹ بار کے انتخابات کیلئے ضلع کچہری ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس میں سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔ہائیکورٹ بار کے انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے سالانہ انتخابات 

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے سالانہ انتخابات کا میلہ سج گیا جس کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل 9 بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

صدر کے عہدے سمیت تین نشستوں پر 7 امیدوار مد مقابل ہیں، صدر کے عہدہ کے لیے عاصمہ جہانگیر گروپ کے ثاقب اکرم گوندل اور حامد خان گروپ کے آصف نسوانہ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

سیکرٹری کی نشست پر 2 امیدواروں فرخ الیاس چیمہ اور قاسم اعجاز سمرا مدمقابل ہیں، نائب صدر کی نشست پر 3 امیدوار شیخ حسیب بن یوسف، عبد الرحمان رانجھا اور عبدالرزاق چدھڑ آمنے سامنے ہیں جبکہ فنانس سیکرٹری کی نشست پرحسام بن شعیب کمبوہ بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

چیئرمین الیکشن بورڈ شہزاد احمد منڈ کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار کے کل ممبران کی تعداد 44 ہزار 232 ہے جبکہ انتخابات میں 30 ہزار 763 رجسٹرڈ ووٹرز بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 2 ہزار 287 خواتین اور 28 ہزار 476 مرد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، انتخابی عمل کے لیے سات پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، ووٹنگ کے لیے 120 کمپیوٹر نصب کیے گئے ہیں۔ 

لاہور ہائی کورٹ بار انتخابات جاری، سیکیورٹی الرٹ

ہائی کورٹ کے اطراف 400پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں،ڈویژنل ایس پیز، ڈی ایس پی اوز نگرانی پر مامور ہیں،40 لیڈی پولیس اہلکار خواتین کے تحفظ و تلاشی کے لیے تعینات ہیں جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز  نے سپروائزری افسران و اہلکاروں کو مکمل الرٹ رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

وکلاء تنظمیوں نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون، الیکشن قوانین پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہناہے کہ پر امن الیکشن انعقادکےلیے وکلاء تنظیمیں کے تعاون پر شکرگزار ہیں،تمام گروپس نے سپورٹرز کو غیر قانونی عمل سے باز رہنے کی ہدایات کی ہیں،گزشتہ روز الیکشن سیکورٹی کے حوالے سے انتظامیہ سے تفصیلی ملاقات ہوئی،پولیس افسران و اہلکار تمام سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز  نے مزید کہا ہے کہ کورٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے، انتخابات کے دوران امن و امان کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔

Watch Live Public News