معروف مزاحیہ شاعر اور نعت گو سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

معروف مزاحیہ شاعر اور نعت گو سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
کیپشن: معروف مزاحیہ شاعر اور نعت گو سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: معروف مزاحیہ شاعر، نعت گو اور سماجی مسائل پر شاعری کرنے والے سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ مرحوم کی عمر 74 برس تھی۔ وہ دل اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور چند ماہ سے شیخ زید اسپتال میں زیر علاج تھے۔

مرحوم نے اپنی زندگی میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔ ان کے صاحبزادے، اسامہ گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کو حالیہ دنوں میں نمونیا کی بیماری بھی لاحق ہو گئی تھی۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج ان کی رہائش گاہ، وحدت روڈ پر ادا کی جائے گی۔

سید سلمان گیلانی کو مذہبی اور ادبی حلقوں میں ایک نمایاں مقام حاصل تھا۔ وہ ختمِ نبوت کے پرجوش حامی اور تحریکِ ختمِ نبوت کے معروف رہنما، سید امین گیلانی کے صاحبزادے تھے۔ انہوں نے اپنے والد کی طرح دینِ اسلام، نعت رسول ﷺ اور سماجی موضوعات پر منفرد اور دلکش انداز میں شاعری کی۔

سید سلمان گیلانی 1951 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور زندگی بھر ادب، مذہب اور سماجی مسائل پر قلم اٹھایا۔ ان کی کتاب "میری باتیں ہیں یاد رکھنے کی" خاصی مقبول ہوئی، جس میں ان کی یادداشتیں اور مختلف واقعات شامل ہیں۔

ان کا انتقال ملک اور ادب کی ایک اہم شخصیت کا خلا چھوڑ گیا ہے۔

Watch Live Public News