ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی وزیراعظم الیکٹرک موٹر سائیکل اسکیم کے تحت شہریوں کو سبسڈی پر ای وی بائیکس اور رکشے فراہم کیے جائیں گے۔
سی ای او انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ حماد منصور نے اس حوالے سے بتایا کہ آئندہ پانچ برس کے لیے اسکیم میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ رواں مالی سال کے لیے 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ اس سال ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر فی بائیک 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔ اسی طرح الیکٹرک رکشہ اسکیم کے تحت ہر رکشے پر 4 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
حماد منصور کے مطابق وزیراعظم ای وی بائیکس دیگر برانڈز کے مقابلے میں 50 سے 60 ہزار روپے تک سستی ہوں گی، جبکہ جون تک 76 ہزار موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دہندہ کی عمر کم از کم 18 سال اور اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہے۔ اسکیم کے تمام مراحل خودکار نظام کے تحت مکمل کیے جائیں گے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
سی ای او کے مطابق الیکٹرک موٹر سائیکل نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا باعث بنے گی بلکہ صارفین کو ماہانہ پٹرول کی مد میں تقریباً 8 ہزار روپے تک کی بچت بھی فراہم کرے گی۔