نادرا کا پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کی مشروط سہولت دینے کا اعلان

نادرا کا پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کی مشروط سہولت دینے کا اعلان
کیپشن: نادرا کا پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کی مشروط سہولت دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: شناختی کارڈ سے محروم شہریوں کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی( نادرا) نے اہم اقدام کرتے ہوئے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر پہلی بار شناختی کارڈ کے اجرا کی مشروط سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ سہولت پہلی رجسٹریشن کے لیے 31 دسمبر 2026 تک مؤثر رہے گی اور درخواست گزار کی شناخت متبادل ذرائع سے تصدیق کی جائے گی۔ پہلی مرتبہ نان اسمارٹ شناختی کارڈ بغیر کسی فیس کے جاری کیا جائے گا۔

 شرائط کیا ہوں گی؟

 18 سال یا زائد عمر کی شادی شدہ خواتین کے لیے نکاح نامہ لازمی ہوگا۔
 والد یا والدہ اور شوہر کا شناختی کارڈ بنا ہونا اور ان کی بائیومیٹرک تصدیق ضروری ہوگی۔
 غیر شادی شدہ خواتین پر شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔
 24 سال یا زائد عمر کے مرد کے لیے والد یا والدہ اور کسی ایک بہن بھائی کا شناختی کارڈ ہونا لازمی ہوگا، جبکہ والدین میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق ضروری ہوگی۔

اگر والدین یا شوہر کا انتقال ہو چکا ہو لیکن ان کا ریکارڈ نادرا میں موجود ہو تو بائیومیٹرک تصدیق سے استثنا دیا جا سکے گا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ رجسٹریشن کے وقت فراہم کردہ معلومات حتمی ہوں گی اور ولدیت، تاریخ پیدائش یا جائے پیدائش میں بعد ازاں تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ اقدام وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی  کی ہدایت پر کیا گیا، جس کی منظوری نادرا اتھارٹی بورڈ نے دے دی ہے۔ یہ سہولت نادرا آرڈیننس اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت فراہم کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News