پریانکا اور نک جونس سروگیسی کے ذریعے والدین بن گئے

پریانکا اور نک جونس سروگیسی کے ذریعے والدین بن گئے
لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) پریانکا چوپڑا اور نک جونس سروگیسی کے ذریعے والدین بن گئے ہیں۔ اس کی اطلاع خود پرینکا چوپڑا نے دی ہے۔ بالی ووڈ کی تمام مشہور شخصیات اور مداح پریانکا کو اس خوشخبری کے لئے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ پریانکا چوپڑا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے سروگیسی کے ذریعے بچے کو خوش آمدید کہا ہے۔ خیال رہے کہہ ایک حالیہ انٹرویو کے دوران پریانکا نے شوہر نک جونس کے ساتھ خاندان بڑھانے کا عندیہ دیا تھا۔ انہوں نے ایک میگزین سے بات چیت میں کہا تھا کہ بچہ مستقبل میں میری اور نک کی زندگی کا اہم حصہ ہوگا۔ تاہم کسی نے نہیں سوچا تھا کہ وہ اتنی جلدی ماں بن جائیں گی۔
پریانکا چوپڑا نے نک جونس سے یکم دسمبر 2018ء کو جودھ پور کے عمید پیلس میں ہندو اور پھر عیسائی رسم ورواج کے مطابق شادی کی۔ دونوں نے شادی سے پہلے ایک دوسرے کو طویل عرصے تک ڈیٹ کیا تھا۔ اس کے بعد دونوں نے اپنے رشتے کو آگے بڑھاتے ہوئے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ شادی کے بعد پریانکا چوپڑا زیادہ تر وقت اپنے شوہر نک کے ساتھ امریکہ میں رہتی ہیں۔ غور طلب ہے کہ پرینکا چوپڑا نے گذشتہ سال اپنے انسٹاگرام پروفائل سے اپنے شوہر نک کا کنیت جونس ہٹا دیا تھا، جس پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ لوگ قیاس کرنے لگے کہ ان کے تعلقات میں دراڑ آ گئی ہے اور دونوں طلاق لینے والے ہیں۔ تاہم، ایسا کچھ نہیں ہوا۔ پرینکا کی والدہ مدھو چوپڑا نے ان خبروں کو محض افواہیں قرار دیا تھا۔ سوشل میڈیا پر اس خوشخبری کو شیئر کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے لکھا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ہم سروگیسی کے ذریعے پیدا ہونے والے بچے کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ ہم احترام کے ساتھ آپ سب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس بہت ہی خاص موقع پر ہماری رازداری کو محفوظ رکھیں، کیونکہ ہم ابھی پوری طرح سے اپنے خاندان پر مرکوز ہیں۔ آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔

Watch Live Public News