ویب ڈیسک: بھارتی میڈیا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک بااختیار چیف آف ڈیفنس فورسز اور جوہری طاقت کے نگہبان کے طور پر سامنے آئے ہیں، جنہوں نے پاکستان کے دفاعی اقدامات کو مزید مستحکم کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی دفاعی حکمت عملی کو تقویت دینے کے لیے راکٹ فورس قائم کی ہے، جس سے اس کے دفاعی امکانات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے خاص طور پر دی وائر کی رپورٹ کا حوالہ دیا، جس میں پاکستان کی عسکری طاقت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے لیے ایک طاقتور اور سنجیدہ حریف کے طور پر اپنی موجودگی کو ثابت کیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے ہندوتوا نظریے کے بڑھتے ہوئے اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، اور کہا کہ بھارت اس وقت نفرت اور انتہا پسندی کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ دی وائر کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے نئی دہلی یوتھ سمٹ میں نوجوانوں کو انتقامی ذہنیت اپنانے کی ترغیب دی، جس سے ملک میں تشدد کی لہر اور انتہا پسندی کے عناصر کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اجیت ڈوول کا اشتعال انگیز بیان بھارتی قومی سلامتی کی پالیسی اور فیصلوں پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے، اور ان کی "بدلے کی ڈاکٹرائن" بھارت کو دانستہ طور پر جنگ کے راستے پر لے جا سکتی ہے۔
دی وائر نے بھارت کی کشمیر پالیسی پر بھی تنقید کی ہے، جس میں "انتقام" کی سوچ واضح طور پر جھلکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، یہ سوچ مسئلے کے حل کے بجائے مزید پیچیدگیاں اور بگاڑ پیدا کر رہی ہے۔
ماہرین نے اجیت ڈوول کے اشتعال انگیز بیانات پر تشویش ظاہر کی ہے، اور کہا ہے کہ اس سے بھارت میں تشدد پسند عناصر کی اجارہ داری مزید مستحکم ہوگی، جس سے ملک میں عدم استحکام اور انتشار میں اضافہ ہو گا۔ بعض ماہرین کے مطابق، ڈوول کے اس طرح کے بیانات کا مقصد بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں اور جمہوری زوال سے توجہ ہٹانا ہو سکتا ہے۔