(ویب ڈیسک )لاہور کے علاقے اچھرہ میں جیولرز مارکیٹ میں 20 کلو سونے کے فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم کو بالآخر لاہور پولیس نے گرفتار کر لیا ، مرکزی ملزم شیخ وسیم کو دارالحکومت اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مشہور کاروباری بازار اچھرہ کی جیولرز مارکیٹ میں تاجروں کا20 کلو سونا لیکر فرار ہونے والا سابق صدر مارکیٹ ملزم شیخ وسیم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق شیخ وسیم کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم اپنی سوتیلی ماں سمیت متعدد جیولرز کا امانت رکھوایا گیا سونا لیکر فرار ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ ملزم کے خلاف اچھرہ پولیس اسٹیشن میں دس مقدمات درج کئے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو لاہور منتقل کیا جا رہا ہے شاطر ملزم نے واردات سے پہلے اپنا گھر اور گاڑیاں بھی بیچ دیں تھیں۔ سونا لیکر غائب ہونے سے پہلے ملزم شیخ وسیم نے اہلخانہ کو بیرون ملک بھی بجھوا دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس بیسڈ معلومات پر گرفتار کیا گیا ہے۔