ویب ڈیسک: شاہراہِ بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث پھنسے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کی مدد کے لیے پاک فوج نے بڑے پیمانے پر ریسکیو اور بحالی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیاحوں اور مسافروں کو پاک فوج نے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا،اب تک ہیلی کاپٹر کی 15 سورٹیز کے ذریعے سیاحوں اور مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے، پاک فوج اور گلگت بلتستان سکاوٹس کی ٹیموں کی جانب سے متاثرہ افراد تک اشیاء خوردونوش فراہم کی جا رہی ہیں،زخمیوں کو فوری طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
سڑکوں کی بحالی کیلئے مشینری اور افرادی قوت مسلسل کام میں مصروف ہے، بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں، رات بھر سے ملبہ ہٹانے اور راستے کھولنے کا عمل جاری ہے،گم شدہ افراد کی تلاش کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو کی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، مشکل پہاڑی علاقوں میں بھی گم شدہ افراد کی تلاش جاری ہے، پاک فوج اور ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور فوری ردعمل نے بڑی انسانی جانیں بچا لی ہیں۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔