سکردو-دیوسائی روڈ بحال، پاک فوج کا بروقت ریسکیو آپریشن مکمل

سکردو-دیوسائی روڈ بحال، پاک فوج کا بروقت ریسکیو آپریشن مکمل
کیپشن: سکردو-دیوسائی روڈ بحال، پاک فوج کا بروقت ریسکیو آپریشن مکمل

ویب ڈیسک: گزشتہ دنوں سکردو اور دیوسائی کے درمیان شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے سکردو- دیوسائی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور 40 سے 50 گاڑیوں میں سوار سیاح اور مقامی افراد درمیانِ راہ میں پھنس گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے فوری ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا،رات بھر کی انتھک کوششوں کے بعد پاک فوج کی انجینئرنگ ٹیموں نے بھاری مشینری کے ذریعے سکردو سے سدپارہ ماؤنٹینیئرنگ اسکول اور دیوسائی سے سدپارہ گاؤں تک سڑک مکمل کلیئر کر دی،تمام بند راستے کھول دیے گئے ہیں اور تمام پھنسے ہوئے افراد اور گاڑیاں محفوظ طریقے سے نکال لی گئی ہیں۔ آمدورفت بحال ہو چکی ہے اور ٹریفک روانی سے جاری ہے۔

پاک فوج کا عملہ باقی ماندہ سلائیڈز کلیئر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے,فوجی دستے متاثرہ مقامات پر سیاحوں کو ہنگامی راشن اور مدد فراہم کر رہے ہیں.فوج کی جانب سے 150 تیار شدہ پکوان کے پیکٹس ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ کیے جا رہے ہیں.

فوجی دستے اب بھی علاقے میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے،مقامی افراد اور سیاحوں نے پاک فوج کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

Watch Live Public News