مذاکرات کا وقت ختم، اب ہرفیصلہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق ہوگا، بیرسٹر گوہر

مذاکرات کا وقت ختم، اب ہرفیصلہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق ہوگا، بیرسٹر گوہر
کیپشن: مذاکرات کا وقت ختم، اب صرف عمران خان کی ہدایات چلیں گی: بیرسٹر گوہر

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ اب مذاکرات کا وقت گزر چکا ہے اور آئندہ کا ہر فیصلہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہی ہوگا۔

جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے، پی ٹی آئی نے تمام امیدوار مارچ 2024 میں عمران خان کی مشاورت سے فائنل کیے تھے، کسی نام کا فیصلہ پارٹی بانی کی منظوری کے بغیر نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے کی وجہ سے کچھ دیر ضرور ہوئی، تاہم جب فیصلہ آیا تو ہمیں اندازہ تھا کہ مکمل نشستیں نہیں ملتیں، پھر بھی چھ سیٹیں حاصل ہونا بڑی کامیابی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے ان خبروں کو غلط قرار دیا کہ 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرنے والوں کو پارٹی ٹکٹ دیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق مرزا آفریدی کا نام خود عمران خان نے تجویز کیا اور وہ ہمیشہ پارٹی کے مؤقف اور مفاد کے ساتھ کھڑے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سختیوں کو اب ختم ہونا چاہیے اور تمام حلقوں کو پی ٹی آئی سے بات چیت کرنی چاہیے۔ بیرسٹر گوہر نے شکوہ کیا کہ عدالت کے اجازت ناموں کے باوجود عمران خان سے ملاقات میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، جبکہ اب خان صاحب خود جیل سے احتجاج کی قیادت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے لوگ نکالے نہیں جاتے، وہ خود چھوڑتے ہیں، اور اب پارٹی کی آئندہ حکمت عملی صرف عمران خان کے فیصلوں کے تحت ہوگی۔

Watch Live Public News