ویب ڈیسک:محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا سپورٹس ہیروز ایوارڈز کی تقریب، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت، علی امین گنڈاپور کے خطاب کے دوران بجلی چلی گئی جس پر ہال میں شور مچ گیا اور نعرے بازی کی گئی۔
تفصیلات کےمطابق علی امین گنڈاپور بجلی جانےکے بعد اسٹیج پر ہی موجود ہے، بجلی کے جانے پر تقریب کے شرکا اور طلبہ کی جانب سے شور وغل کیا گیا جس کو سن کر علی امین گنڈا پور بھی مسکراتے ہوئے دکھائی دیے، بجلی کے جانے پر انہیں اپنی تقریر روکنا پڑی۔
چند منٹ بجلی بند رہنے کے بعد واپس آگئی اور وزیراعلیٰ کے پی کے نے اپنی تقریر دوبارہ شروع کی، سوشل میڈیا پر اس واقعہ کا کلپ وائرل ہورہا ہے جس پر صارفین ملے جلے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔
بجلی کے جاتے ہی تقریب کے طلبہ اور دیگر کارکنوں نے موبائلز کی لائٹ آن کیں، طلبہ کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی، علی امین گنڈا پور نے اس پر خاموشی اختیار کی رکھی۔
اس تقریب میں صوبائی کابینہ اراکین، اراکین صوبائی اسمبلی، کھلاڑیوں، انکے اہل خانہ اور محکمہ کھیل کے حکام نے بھی شرکت کی، وزیر اعلیٰ نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ایوارڈز تقسیم کیے۔
وزیر اعلیٰ نے مختلف کھیلوں میں اول پوزیشن لینے والے کھلاڑیوں میں ماہانہ وظائف کے چیکس بھی تقسیم کیے، وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی کارکردگی کے اعتراف میں منعقد کی گئی ہے۔
ایوارڈ وصول کرنے والے یہ کھلاڑی ہماری پہچان اور ہمارا فخر ہیں،ان کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کیا،بہت سارے کھیلوں میں خیبر پختونخوا کی شاندار تاریخ ہے، خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سنبھالتے ہی کھیلوں اور کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری شروع کی ہے،جب تک کھیلوں کے ایونٹس نہیں ہونگے ٹیلنٹ سامنے نہیں آئے گا، گزشتہ ایک سالوں کے دوراں ہم نے کھیلوں کے بہت سارے ایونٹس منعقد کئے،قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ دے رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا اعلان کرتا ہوں بین الاقوامی کھیلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو 50 ہزار ماہانہ وظیفہ دیں گے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتا ہے، کھلاڑی یا جیت جاتا ہے یا سیکھ جاتا ہے۔
جیتتا وہ ہے جس کے اعصاب مضبوط ہوتے ہیں، عمران خان ہمیشہ کہتے ہیں ہارتا وہ ہے جو ہار مان لیتا ہے، جو ہار نہیں مانتا وہ جیت جاتا ہے۔