9 مئی کیس: شاہ محمود بری، یاسمین راشد، محمودالرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا

9 مئی کیس: شاہ محمود بری، یاسمین راشد، محمودالرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا

ویب ڈیسک:لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی سمیت 6 ملزمان کو بری کردیا، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیر پاؤ پل کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کیا،  افتخار احمد اور رانا تنویر کو بھی بری کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ خالد قیوم، ریاض حسین، علی حسن، افضال عظیم پاہٹ کو بھی 10، 10 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے، ملزمان اور سرکاری وکلا کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد جج ارشد جاوید نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو اب سنا دیا گیا ہے۔

کیس کے ٹرائل کے دوران ایڈووکیٹ برہان معظم اور رانا مدثر عمر نے ملزمان کی جانب سے دلائل دیے تھے۔ تھانہ سرور روڈ پولیس نے دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آج ہی انسدادِ دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی کو میانوالی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر، رکنِ قومی اسمبلی احمد چھٹہ، رانا بلال کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔

9 مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں اور سرکاری و عسکری تنصیبات پر حملوں کے واقعات پیش آئے تھے، جنہیں پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سنگین ترین واقعات میں شمار کیا جاتا ہے، میانوالی میں بھی مظاہرین نے سرکاری عمارات کو نقصان پہنچایا اور امن و امان کی صورتحال کو شدید متاثر کیا۔

ان واقعات کے بعد متعدد سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف انسدادِ دہشتگردی کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے، احمد خان بھچر، احمد چھٹہ، رانا بلال اور دیگر افراد پر الزام تھا کہ وہ ان ہنگامہ آرائیوں کے مرکزی کرداروں میں شامل تھے، اس مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت سرگودھا میں جاری تھی، جس کا فیصلہ اب سنایا جا چکا ہے۔

Watch Live Public News