ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) نے مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ' ویزا آن ارائیول' سے متعلق نئی شرائط اور طریقہ کار واضح کر دیا ہے، جس کے تحت اہل مسافر امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکیں گے۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری، اور ان کے ہمراہ سفر کرنے والے اہل خانہ، اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کے پاس عام پاسپورٹ اور منظور شدہ ممالک کی جانب سے جاری کردہ کارآمد رہائشی اجازت نامہ موجود ہو۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم چھ ماہ کے لیے مؤثر پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر، اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کی جانب سے جاری کردہ قابلِ قبول رہائشی پرمٹ ہونا لازمی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کے مطابق 14 روزہ ویزا کو ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا قابلِ توسیع نہیں ہوگا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ ویزا کے لیے درخواستیں جی ڈی آر ایف اے کی ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ منظوری کے بعد ویزا درخواست گزار کے رجسٹرڈ ای میل پر بھیج دیا جائے گا، جبکہ درخواست پر عام طور پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کر لی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 172.50 درہم جبکہ 60 روزہ ویزا کی فیس 422.50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد سفری عمل کو مزید آسان بنانا، سیاحت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مسافروں کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو ویزا آن ارائیول سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتے ہیں۔