ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا فیصلہ پنجاب یا سندھ نہیں بلکہ کشمیری عوام کریں گے، جبکہ یہ سمجھنا کہ نشستیں پہلے سے کسی کی جیب میں ہیں، ووٹر کے حقِ رائے دہی کی توہین ہے۔
میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات انتہائی اہم ہیں اور عوام کا ووٹ خطے کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں اور نئی تاریخ رقم کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی اور عوامی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ماضی میں عوام کو حقِ ملکیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور اقتدار میں آکر حقِ ملکیت، حقِ حاکمیت اور حقِ روزگار کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر عوام نے پیپلز پارٹی کو دو تہائی اکثریت دی تو انصاف، ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع کیا جائے گا، جبکہ نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں اور دیگر طبقات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کی سیاسی خدمات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت، عوامی حقوق اور کشمیر کے عوام کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی آواز ہر فورم پر مؤثر انداز میں اٹھائی جائے گی۔