نوازشریف الیکشن مہم کیلئے نہیں انتخابی تحریک کیلئے آ رہے ہیں،جاوید لطیف

نوازشریف الیکشن مہم کیلئے نہیں انتخابی تحریک کیلئے آ رہے ہیں،جاوید لطیف
اسلام آباد: وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف انتخابی مہم کے لئے نہیں انتخابی تحریک کے لئے آ رہے ہیں، اس مرتبہ الیکشن میں سندھ میں بھی مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہوگی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما جاوید لطیف کا مسلم لیگ ن کے بانی رہنما سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف سے ہی امید ہے کہ وہ ملک کو اس بھنور سے نکالیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پاکستان کو سی پیک دیا، سی پیک لانے والے نوازشریف کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا، سازش کے تحت سی پیک روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو امید ہے کہ نوازشریف آئیں گے اور خوشحالی لائیں گے، ووٹ کی عزت صرف ووٹ ڈالنا نہیں نتائج تسلیم کرنا ووٹ کی عزت ہے، نوازشریف کی قیادت میں وہ پاکستان ملے گا جہاں مہنگائی نہیں ہوگی۔ لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا، پی ٹی آئی کے ورکرز کی ذہن سازی کی گئی، آج کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے نوازشریف کو 2 تہائی اکثریت دی تو ملک کو ناقابل تسخیر بنا کر دکھایا، نوازشریف اپنے دور میں مہنگائی 4 فیصد پر لائے، انڈسٹری لگائی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔