محکمہ موسمیات کی پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 25 جون سے گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے، 25 جون سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا بھی امکان ہے، مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہونگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 25 جون سے 30 جون کے دوران اسلام آباد مری راولپنڈی چکوال جہلم سیالکوٹ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران گلگت بلتستان چترال سوات ایبٹ آباد مانسہرہ ہری پور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 25 جون سے 30 جون کے دوران پنجاب کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اس دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ 26 جون سے 29 جون کے دوران بارکھان ،سبی، نصیرآباد ،زیارت ،ژوب میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کرک وزیرستان سمیت جنوبی پنجاب میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، 27 اور 28 جون کو سکھر اور جیکب آباد میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، بارش کے باعث مری گلیات آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، موسلادھار بارشوں کے باعث ڈیجی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، تیز ہواؤں آندھی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کچے مکانات اور سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔