لاہور سمیت ملک بھر میں بارش،گرمی کازورٹوٹ گیا

لاہور سمیت ملک بھر میں بارش،گرمی کازورٹوٹ گیا
کیپشن: لاہور سمیت ملک بھر میں بارش،گرمی کازورٹوٹ گیا

ویب ڈیسک: لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، تیز ہواؤں اور ٹھنڈی فضاؤں نے شہریوں کو شدید حبس سے نجات دلائی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، فیروزپور روڈ، کلمہ چوک، کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، انارکلی، اسلام پورہ، گلشن راوی اور سبزہ زار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آسمان پر بادلوں کا راج برقرار ہے، آج وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد اور رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

  پشاور: طویل انتظار کے بعد بارانِ رحمت، گرمی کا زور ٹوٹا

پشاورمیں شدید گرمی اور حبس کے بعد آخرکار بادل برس پڑے، شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ٹھنڈی ہواؤں اور بارش کے بعد شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور اور مضافات میں باد و باراں کا یہ سلسلہ 23 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

کراچی: ٹھنڈی ہواؤں کا راج، موسم معتدل اور خوشگوار

شہر قائد میں ٹھنڈی ہواؤں اور ابر آلود آسمان نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بعض مقامات پر بوندا باندی کا امکان بھی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے،ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 75 فیصد ہے،آئندہ دنوں تک مطلع جزوی سے مکمل طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ صبح اور رات کے وقت ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔

Watch Live Public News