ویب ڈیسک: بالی ووڈ انڈسٹری کے سپرسٹار سلمان خان کے بارے تشویش ناک خبر، اداکار تین سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں جس کا انکشاف انہوں نے خود کیا ہے، کچھ دیر قبل سلمان خان نے اپنی تازہ تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئی، مداح اُن کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔
تفصیلات کےمطابق بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی جانب سے شیئر کی گئی نئی تصویر میں وہ کلاسیز لگائے اپنے فارم ہاؤس میں بیٹھے ہیں، تصویر وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین اور ان کے چاہنے والے کی بڑی تعداد امڈ آئی، جو اپنے پسندیدہ اداکار کے لئے دعاگو ہیں اور نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔
1 گھنٹہ قبل اپلوڈ کی گئی اس تصویر کو اب تک 3 لاکھ 73 ہزار سے زائد صارفین لائیک کرچکے ہیں جبکہ اداکار کی جانب سے کمنٹس سیکشن کو بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سلمان خان نے ’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ میں اپنی سنگین بیماریوں کا تذکرہ کیا تھا جس پر ان کےمداح بھی پریشان ہوگئے، سلمان خان نے شو کے دوران انکشاف کیا کہ کئی خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سلمان خان نے جن بیماریوں کے نام لیے یہ بہت خطرناک اور جان لیوا ہیں، مداح اپنے محبوب اداکار کے بارے میں یہ سب جان کر تشویش میں مبتلا ہوگئے۔
واضح رہے کہ ٹریجمنل نیورالجیا ایک دائمی اعصابی بیماری ہے، اس میں مریض کے چہرے میں شدید درد کے جھٹکے محسوس ہوتے ہیں، جبکہ برین انیورزم دماغ میں کسی خون کی نالی کے کمزور ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والا ابھار ہوتا ہے، جسے ’’ہیمرجک اسٹروک‘‘ کہتے ہیں۔
سلمان خان کی بیان کردہ تیسری بیماری اے وی مالفارمیشن ایک نایاب بیماری ہے جس میں دماغ یا ریڑھ کی ہڈی میں شریانیں اور رگیں غیر معمولی انداز میں جڑ کر الجھ جاتی ہیں۔ اس بیماری کے باعث خون کے معمول کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے اور بیہوشی، جھنجھناہٹ کا احساس، سر درد یا دماغی خلل جیسی سنگین طبی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔