کراچی: ( پبلک نیوز) مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے وزیراعظم عمران خان، مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کے متعلق بڑی پیشگوئی کر دی ہے۔ صوبائی وزیر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں وزیراعظم عمران خان کو جیل اور اتحادیوں کو حکومت سے الگ ہونے کا خواب دیکھ لیا ہے۔ 23 اور 24 مارچ کے بعد ق لیگ اور ایم کیو ایم حکومت سے الگ ہو کر اپوزیشن میں آنے کا اعلان کریں گی۔ منظور وسان نے پیشگوئی کی کہ 28 مارچ سے پہلے عمران خان کے دن پورے ہونے والے ہیں اور ان کو جیل بھیجنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ عمران خان کو اڈیالا جیل یا خیرپور سینٹرل جیل میں رکھا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ عدم اعتماد کے بعد کیئر ٹیکر حکومت بنے، شہباز وزیراعظم ہونگے اور اس کے بعد عام انتخابات کروائیں جائیں گے۔ عوام، اپوزیشن اور اتحادیوں کا پہلا ہدف ہے کہعمران خان کو اقتدار سے ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ جنوری، فروری اور مارچ یہ 3 ماہ میں کچھڑی پکے گی، اب صورتحال سب کے سامنے ہے۔ عمران خان کا کھیل ختم ہوچکا ہے، حلوہ تیار پڑا ہے، دیکھتے ہیں کھاتا کون ہے۔ مولوی بھی زور میں اور ہم بھی تیار ہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس دیر سے بلوانے کا مطلب عمران خان نے شکست تسلیم کر لی ہے۔