پاکستان کے مختلف علاقوں میں 6.8 شدت کا زلزلہ ، 9 افراد جاں بحق، 45سے زائد زخمی

پاکستان کے مختلف علاقوں میں 6.8 شدت کا زلزلہ ، 9 افراد جاں بحق، 45سے زائد زخمی
اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں گذشتہ رات زلزلےکے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے ، خیبر پختونخوا میں زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے جہاں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق بھی کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق زلزلے کی عجہ سے ملک بھر میں 45 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ، زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق منگل کی رات 9 بج کر 47 منٹ پر آیا تھا، زلزلےکا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا جبکہ زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ زلزلے کے جھٹکے بھارت، قازقستان،ترکمانستان، تاجکستان ، ازبکستان، افغانستان ، چین اور کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے ہیں ۔ کوہاٹ، پشاور اور صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، راولپنڈی ، کوئٹہ میں بھی محسوس کیے گئے تھے ۔ اس کے علاوہ بہاولپور ،لودھراں، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار،ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے ، لکی مروت، مردان ، نوشہرہ اور باجوڑ کے گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ چلاس اور اسکردو میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیےگئے ۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آگئے۔ زلزلے کے نقصانات کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے ۔ زلزلے کے نقصانات کے حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد 3.7 کا ایک آفٹرشاک بھی آیا تھا، گلگت بلتستان کے علاقے استور میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستہ بلاک ہوگیا تھا ، اسلام آباد کے علاقے ایچ الیون میں خداداد ہائٹس بلڈنگ کو نقصان پہنچا، خیبرپختونخوا میں زلزلے کے باعث 2 افراد جاں بحق ہوئے، خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر66 افراد زخمی ہوئے، صوابی میں گھرکی چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوئے، چترال میں گھر اورچھت اور دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے تھے ۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا(کے پی) میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات سے متعلق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کر دی ہے ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں زلزلے سے 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے ، زلزلےکے نتیجےمیں 9 افراد جاں بحق اور 44 افراد زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، خیبرپختونخوا میں زلزلے کے بعد صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ اسپتالوں میں الرٹ جاری وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے اسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا تھا ۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر پولی کلینک اور پمز اسپتال میں بھی الرٹ جاری کیا گیا تھا ۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائے ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔