ویب ڈیسک: میٹا نے خاموشی سے فیس بک سے منسلک ایک نئی ایپ ’ فورم‘ متعارف کرا دی ہے، جو ابتدائی طور پر مخصوص ممالک میں آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ایپ صارفین کو بامعنی گفتگو، حقیقی جوابات اور اپنی پسند کی کمیونٹیز سے جڑنے کا موقع فراہم کرے گی۔ ایپ کی ڈسکرپشن میں کہا گیا ہے کہ صارفین یہاں سوالات پوچھ سکتے ہیں، مختلف موضوعات پر گفتگو کرسکتے ہیں اور دلچسپی کے مطابق گروپس میں شامل ہو سکتے ہیں۔
یہ ایپ بنیادی طور پر Reddit اور Quoraجیسی سوشل پلیٹ فارمز سے مشابہ ہے، جہاں صارفین سوالات کے جوابات حقیقی افراد سے حاصل کرتے ہیں۔
فورم میں بائی ڈیفالٹ فیس بک گروپس کا مواد دکھایا جائے گا، جس کا انتخاب صارف کی دلچسپیوں اور سرگرمیوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
میٹا کے مطابق اس ایپ کو خاص طور پر فیس بک گروپس چلانے والے ایڈمنز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ایک نیا اے آئی ایڈمن اسسٹنٹ بھی شامل ہوگا، جو گروپس کے انتظام، مواد کی نگرانی اور کمیونٹی مینجمنٹ میں مدد فراہم کرے گا۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ فورم کا مقصد صارفین کو مصنوعی یا خودکار معلومات کے بجائے حقیقی لوگوں سے مستند جوابات فراہم کرنا ہے۔
فورم استعمال کرنے کے لیے صارفین کو فیس بک اکاؤنٹ درکار ہوگا، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میٹا اس ایپ کے ذریعے فیس بک کے اربوں صارفین کو استعمال کرتے ہوئے سوال و جواب پر مبنی ایک مضبوط کمیونٹی پلیٹ فارم بنانا چاہتی ہے۔
میٹا کے ترجمان کے مطابق فی الحال یہ ایپ آزمائشی مرحلے میں ہے اور کمپنی مختلف نئی مصنوعات کی ٹیسٹنگ جاری رکھتی ہے تاکہ صارفین کی دلچسپیوں اور ضروریات کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔