اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی کی چکی میں پس رہی پاکستانی عوام کیلئے ایک بری خبر ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجسنی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو ایک درخواست کی ہے جس میں بجلی کی قیمت میں چار روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کا کہا گیا ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے بجلی کی قیمت بڑھانے کی یہ درخواست رواں سال اکتوبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) رواں ماہ 30 نومبر کو اس درخواست پر سماعت کرے گا۔ سی پی پی اے کی درخواست میں کے الیکٹرک کے سوائے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے قیمتیں بڑھانے کا کہا ہے۔ سی پی پی اے کی جانب سے درخواست میں نے کہا گیا ہے کہ اکتوبر میں کُل گیارہ ارب 29 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی اور 10 ارب 98 کروڑ یونٹ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فروخت ہوئی۔ دوسری جانب کے الیکٹرک نے بھی نیپرا کو فی یونٹ بجلی 29 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کر دی ہے جس پر سماعت آئندہ 2 دسمبر کو کی جائے گی۔