اسحاق ڈار کواحتساب عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

اسحاق ڈار کواحتساب عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا
اسلام آباد: احتساب عدالت نے آمدن سے زائداثاثہ جات ریفرنس نیب کو واپس بھیجتے ہوئےوزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی روک دی ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی، جج محمد بشیر نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، جس کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ نئے ایکٹ کے تحت ہمارا دائرہ اختیار نہیں بنتا ہے۔ عدالت کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر 3 ملزمان کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ترمیمی ایکٹ کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ بھی ہمارا اختیار نہیں۔ نہ ہم نیب ، نہ ہی ملزمان کے حق میں فیصلہ دے سکتے ہیں۔ اسحاق ڈار کیخلاف جاری ٹرائل یہیں ختم کیا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس 2017ء میں دائر کیا گیا تھا، جس میں اسحاق ڈار ،سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد،نعیم محمود اور منصور رضا رضوی نامزد تھے۔ خیال رہے کہ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ، جو آج سنا دیا گیا ہے۔ ریفرنس میں تفتیشی افسر سمیت 42 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کے تفتیشی افسر نادر عباس تھے۔ یاد رہے کہ نیب نے 2017ء میں احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا جس کے بعد اسحاق ڈار 2017ء کے آخر میں بیرون ملک چلے گئے تھے اور مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ اسحاق ڈار نے 4 سال بعد عدالت میں سرنڈر کیا اور بریت کی درخواست دائر کی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔