ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی فضائی جھڑپوں سے متعلق عالمی سطح پر نئی رپورٹس آنا جاری ہیں۔ امریکہ کے بعد، فرانس کے ایک اہم کمانڈر نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے 6 اور 7 مئی کی رات بھارتی رافیل طیارے مار گرائے تھے۔
فرانس کے نیول ائیر بیس کے کمانڈر کیپٹن یوک لونے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رافیل طیارے میں کوئی خرابی نہیں تھی، بلکہ بھارتی پائلٹس کی غلطیوں کے باعث یہ طیارے تباہ ہوئے۔ کیپٹن لونے نے مزید کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے انتہائی مؤثر حکمت عملی کے ساتھ صورتحال کو سنبھالا، جس کی عالمی سطح پر تعریف کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں بھارتی رافیل طیارے چینی طیاروں کے مقابلے میں نہیں بلکہ پاکستان کی مضبوط فضائی دفاعی حکمت عملی کی بدولت گرائے گئے۔ اس جنگ میں 140 سے زائد لڑاکا طیارے شامل تھے، جس میں پاکستان نے بھارتی فوج کے مقابلے میں نمایاں برتری حاصل کی۔
کیپٹن لونے نے بھارتی اعتراضات کو رد کرتے ہوئے واضح کیا کہ رافیل کا ریڈار سسٹم خراب نہیں ہوا تھا، بلکہ اسے چلانے کے طریقے میں غلطیاں تھیں۔ مزید برآں، بھارتی حکومت نے اب نیول رافیل طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جو سمندری جہازوں پر لینڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور جوہری میزائل بھی لے جا سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، یہ فضائی جنگ مستقبل کی ملٹری اسٹریٹجی کے لیے ایک نادر موقع تھا، جس میں پائلٹس، لڑاکا طیاروں اور ائیر ٹو ائیر میزائلوں کی کارکردگی کا حقیقی جنگی ماحول میں جائزہ لیا گیا۔