ویب ڈیسک: آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 205 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ کی شاندار سنچری کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کر لیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 123 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مارنس لیبوشگن 51 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کارس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دوسری اننگز میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے اولی پاپ نے 33 اور بین ڈکٹ 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3 اور اسٹاک بولینڈ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک نے پہلے اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کی تھی، ٹیسٹ میں ان کی کل 10 وکٹیں ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی تھی اور پوری ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم 172 رنز پر آل آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔