ویب ڈیسک: بھارتی وومن کرکٹ ٹیم کی اسٹار اوپنر سمرتی مندھانا کو مشہور گلوکار پالاش موچل نے ڈی وائی پٹیل اسٹیڈیم میں شادی کیلئے پروپوز کردیا۔
پالاش نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ سمرتی کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر میدان کے وسط میں لاتے ہیں اور ایک خوبصورت رِنگ پیش کر کے سب سے بڑا سرپرائز دیتے ہیں۔
ویڈیو کے آخر میں سمریتی خوش ہو کر ہاں کہتی ہیں اور چند لمحوں بعد دونوں کے دوست میدان میں آ کر خوشی مناتے ہیں۔ اس موقع پر پالاش کی بہن، گلوکارہ پلک موچل بھی موجود تھیں۔
یہ جوڑا اتوار 23 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھنے والا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی گزشتہ روز دونوں کو مبارکباد کا پیغام بھیجا۔
واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑی کو اسی اسٹیڈیم میں پروپوز کیا گیا، جہاں بھارت نے اس ماہ کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے خلاف وومن ورلڈ کپ کا فائنل جیتا تھا۔
سمرتی اور پالاش کا تعلق طویل عرصے سے قائم ہے، پالاش نے خواتین ورلڈ کپ فائنل کے دوران میدان میں سمرتی اور بھارتی ٹیم کو سپورٹ بھی کیا تھا۔