بیوی کا نمبر 'موٹی' کے نام سے محفوظ کرنا مہنگا پڑ گیا، عدالت کا بڑا حکم 

بیوی کا نمبر 'موٹی' کے نام سے محفوظ کرنا مہنگا پڑ گیا، عدالت کا بڑا حکم 

(ویب ڈیسک ) ترک عدالت نےشوہر کو سابقہ بیوی کا نمبر موبائل میں "موٹی" کے نام سے محفوظ کرنے پرمالی  ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

ترکیہ  کی   عدالت نے ایک شخص کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی سابقہ بیوی کو ہرجانہ ادا کرے کیونکہ اُس نے بیوی کا نمبر اپنے موبائل فون میں ’ٹومبک‘ (ترکی زبان میں "موٹی" کے معنوں میں استعمال ہونے والا لفظ) کے نام سے محفوظ کیا تھا۔

عام طور پر میاں بیوی ایک دوسرے کے لیے پیار بھرے نام رکھتے ہیں، لیکن کبھی کبھار یہ نام ایک سنگین مسئلہ بھی بن سکتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ ترکی میں عدالت میں طلاق کے کیس کی سماعت کے دوران  پیش آیا جہاں ایک خاتون نے دعویٰ کیا کہ شوہر کی جانب سے اُسے "موٹی" کہہ کر بلانا اُن کے ازدواجی تعلقات کے لیے نقصان دہ اور توہین آمیز تھا۔

ترک خبررساں ادارے Haberler کے مطابق، یہ واقعہ اُشاق شہر میں پیش آیا جہاں عدالت نے شوہر کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے حکم دیا کہ وہ اپنی سابقہ بیوی کو مالی اور اخلاقی نقصان کا ازالہ کرے۔

  عدالت کے اس فیصلے کو اب قانونی نظیر (precedent) کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے، جس کے بعد ترکی کے شوہروں کو اپنی بیویوں کو موبائل میں محفوظ کرتے وقت نام سوچ سمجھ کر رکھنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔

یہ انوکھا مقدمہ سوشل میڈیا پر بھی بحث کا باعث بن گیا۔ کچھ صارفین نے عدالت کے فیصلے کو سراہا، جبکہ بعض نے کہا کہ "موٹی" جیسا نام تو پیار بھرے انداز میں بھی استعمال ہو سکتا ہے۔

ایک صارف نے کہا کہ "موٹا ہونا کوئی بری بات نہیں، اور اگر کوئی کسی کو 'موٹی' کہے تو یہ تو پیار کا اظہار بھی ہو سکتا ہے۔ شاید شوہر کا ارادہ بُرا نہ ہو۔ افسوس ہے کہ اتنی چھوٹی بات پر بھی لوگ عدالتوں میں پہنچ جاتے ہیں۔"

Watch Live Public News