لاہور(پبلک نیوز) سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج یاسر حیات نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف شہبازشریف کی درخواست پر ہرجانہ کیس کی سماعت کی، عدالت نے کیس کے لاہور میں قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا.
تفصیلات کے مطابق عدالت میں عمران خان کے وکلاء کی جانب سے کیس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست جمع کرائی گئی تھی، کیس کو اسلام آباد منتقل کر دیا جائے، وکلاء کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ کیس اس عدالت میں نہیں سنا جا سکتا، جہاں کی تقریر کا حوالہ شہباز شریف کی جانب سے دیا گیا تھا وہ اسلام آباد کا واقعہ ہے.
بعدازاں عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت مزید کارروائی کے لیے 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی . واضح رہے کہ عدالت میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جوابِ دعوی جمع کرا دیا گیا تھا. قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف سو کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے. قائد حزب اختلاف کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان نے میرے اوپر دھرنا ختم کرنے اور پانامہ لیکس کیس سے پیسے دینے کا بے بنیاد الزام عائد کیا، عمران خان نے کروڑوں روپے فراڈ کا بے بنیاد الزام عائد کیا ہے، عدالت عمران خان کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے.