ویب ڈیسک: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے پاکستان کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ 172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کے اس جواں سال بلے باز نے نہ صرف دھواں دھار اننگز کھیلی بلکہ اپنی برق رفتاری سے شائقین کرکٹ کو بھی حیران کر دیا۔
ابھیشیک شرما نے صرف 24 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جو کسی بھی بھارتی بیٹر کی جانب سے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ مایہ ناز بلے باز یوراج سنگھ کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں پاکستان کے خلاف 29 گیندوں پر ففٹی مکمل کی تھی۔ ابھیشیک نے نہ صرف یہ پرانا ریکارڈ توڑا بلکہ اپنی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے میچ کے آغاز ہی میں پاکستان کے باؤلرز پر دباؤ ڈال دیا۔
اپنی اننگز کے دوران ابھیشیک شرما نے شاندار اسٹروک پلیئنگ کا مظاہرہ کیا اور 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور کئی دلکش چوکے لگا کر مجموعی طور پر 74 رنز اسکور کیے۔ ان کی یہ اننگز بھارتی ٹیم کے لیے میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی کیونکہ پاور پلے میں تیز اسکورنگ نے ہدف کے تعاقب کو نسبتاً آسان بنا دیا۔ پاکستانی باؤلرز نے انہیں آؤٹ کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم ان کی جارحانہ بیٹنگ کے سامنے میدان کے چاروں کونوں میں گیند بکھرتی رہی۔
پاکستان کے لیے یہ اننگز تشویش کا باعث بنی کیونکہ ابتدا ہی میں بھارت کے بڑے ہدف کی جانب تیز پیش رفت نے میچ کا نقشہ بدل کر رکھ دیا۔