(ویب ڈیسک ) غیر قانونی اشتہارات اور بغیر لائسنس ادویات بیچنے کے الزام میں ڈرگ کورٹ لاہور نے حکیم شہزاد کو گرفتار کرنےکا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ڈرگ کورٹ لاہور محمد نوید رانا کی جانب سے حکیم شہزاد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
عدالت نے ڈی پی او کو حکیم شہزاد کو گرفتار کرنےکا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ حکیم شہزاد کو گرفتار کرکے آئندہ پیشی پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالتی حکم کے باوجود حکیم شہزاد کو عدالت نہ پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
خیال رہے کہ حکیم شہزاد پر غیرقانونی اشتہار اور بغیر لائسنس ادویات کی فروخت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حکیم شہزاد ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر غیرقانونی تشہیر میں ملوث ہے۔
ڈرگ کورٹ لاہور نے حکیم شہزاد کو 24 ستمبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔