(ویب ڈیسک ) بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی 200 کروڑ روپے کے کیس کو ختم کرنے کی درخوست مسترد کردی گئی۔
خیال رہے کہ جیکولین فرنینڈس نے جولائی میں دہلی ہائیکورٹ کی جانب سے اس کیس کو ختم کرنے کی درخواست مسترد ہونے پر سپریم کورٹ سے ٹرائل پر اسٹے کی درخواست کی تھی۔
یہ بات واضح رہے کہ 215 کروڑ روپے کا یہ منی لانڈرنگ کیس انکے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے فائل کیا ہے، جس کا تعلق دھوکہ دہی اور فراڈ کے ملزم سوکیش چندر شیکھر سے جڑتا ہے۔ اس کیس میں جیکولین فرنانڈیز کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سوکیش چندرا کے ساتھ نامزد کیا ہے۔
تاہم بھارتی سپریم کورٹ نے اداکارہ کو یہ ریلیف ضرور دیا کہ وہ مقدمے کی کارروائی کے مناسب مرحلے پر دوبارہ عدالت سے رجوع کر سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اگست 2022 میں دہلی پولیس کے پاس سوکیش چندرا کے خلاف بھتہ اور دھوکا دہی کا کیس درج کرایا تھا۔جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے خود کو بھارت کا مرکزی سیکریٹری قانون ظاہر کرکے ایک بھارتی تاجر ادیتی سنگھ کی اہلیہ سے کال کرکے اسے پیشکش کی کہ وہ اسکے جیل میں قید شوہر کو ضمانت پر رہا کراسکتا ہے۔