وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے صحت کارڈ سکیم جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے آج اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سرکاری ہسپتالوں کے اچانک دورے کرتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نے پولی کلینک اسپتال کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شعبہ صحت اہم اور حساس ہے اسی لئے اسپتالوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیوکیس شمالی وزیرستان میں سامنے آیا ہے جس پر وزیراعظم نے پولیوکیس رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نےپیرکوقومی ٹاسک فورس برائےانسدادپولیوکااجلاس طلب کرلیا ہے اور ساتھ ہی پولیو خاتمے کے لیےلائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا پولیو کے خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کریں گے، جہاں پولیو وائرس کیس سامنے آیا اس علاقے کو کارڈن آف کرکے مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے آگاہی کی بہت ضرورت ہے جس کے تدارک کے لئے ہم نے پلان بنایا ہے۔