محنت اور میرٹ کی زندہ مثال، جنوبی وزیرستان کا نوجوان کیڈٹ الیاس خان

کیپشن: محنت اور میرٹ کی زندہ مثال جنوبی وزیرستان کا نوجوان کیڈٹ الیاس خان

پبلک نیوز: جنوبی وزیرستان کا نوجوان کیڈٹ الیاس خان محنت اور میرٹ کی زندہ مثال ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق پاکستان سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے کیڈٹ کا پی ایم اے کاکول کی تاریخ میں بڑا اعزاز

دفاع وطن میں پاکستان آرمی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول آفیسرز کی اعلیٰ معیار کی تربیت میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے کیڈٹ الیاس خان  نے اپنی قابلیت، انتھک محنت اور لگن سے پاکستان آرمی میں کمیشن حاصل کیا۔

کیڈٹ الیاس خان نے نہ صرف کامیابی سے اپنی تربیت کا مرحلہ مکمل کیا بلکہ ان مخصوص کیڈٹس میں شامل ہوئے جنہیں اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر خصوصی ایوارڈز دیئے گئے۔

کیڈٹ الیاس خان نے مجاہد فورس 14 میں ٹریننگ کرتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی بنیاد پر انہیں ”چیف آف آرمی سٹاف کین“ سے نوازا گیا۔

کیڈٹ الیاس خان پاکستان کے نوجوانوں کیلئے پاکستان آرمی کے میرٹ کی زندہ مثال ہیں جو کہ ایک دور افتادہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ 

کیڈٹ الیاس خان نے اپنی کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ میرا تعلق ضلع جنوبی وزیرستان سے ہے،میں نے اپنی ابتدائی تعلیم گاؤں سے ہی حاصل کی لیکن دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی وجہ سے مجھے اپنی تعلیم برقرار رکھنا مشکل ہوا،دہشتگردی کے باعث ہمیں اپنے گاؤں سے ہجرت کرنا پڑی لیکن میرے والدین اور میرے بھائیوں نے مجھے سپورٹ کیا جس کی وجہ سے میں نے اپنی تعلیم مکمل کی اور میں خاندان کا پہلا گریجویٹ بنا۔

کیڈٹ الیاس خان نے کہا کہ میں نے اپنے علاقے کو دہشتگردی سے بُری طرح متاثر ہوتے ہوئے دیکھا ہے،کئی ایسے نوجوان جو ملک کے لیے قیمتی سرمایہ ثابت ہو سکتے تھے، انہوں نے مجبوری کی وجہ سے اپنی تعلیم مکمل نہیں کی،میں نے یہ ارادہ کیا ہے کہ میں اپنے علاقے اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کوشش کروں گا،اپنے مقصد کی تکمیل کے لیے مجھے پاکستان آرمی میں شمولیت اختیار کرنے سے بہتر پلیٹ فارم کوئی نظر نہیں آیا۔

کیڈٹ الیاس خان نے کہا کہ میں نے پاکستان آرمی میں کمیشن کے لئے اپلائی کیا اور منتخب ہوا،پاکستان ملٹری اکیڈمی دنیا بھر میں مشکل ٹریننگ فراہم کرنے میں سے ایک ہے،یہاں سے ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد ہمیں اس قابل بنایا جاتا ہے کہ ہم ہر مشکل حالات کا بہادری سے مقابلہ کر سکیں،میرا یہ ارادہ ہے کہ میں اپنے علاقے اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کوشش کروں گا۔

کیڈٹ الیاس خان نے کہا کہ میرا اپنے علاقے اور اپنے ملک کے نوجوانوں کے لیے یہی پیغام ہے کہ کسی بھی غیر ملکی گروپ یا غیر ملکی مہم کا حصہ نہ بنیں،نوجوانوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ آگے بڑھ کر اور ساتھ مل کر اپنے ملک کی بہتری کے لیے کام کریں،میں اپنے علاقے اور اپنے ملک کے نوجوانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان آرمی کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اور ملک کی بہتری کے لیے پاکستان آرمی کا ساتھ دیں۔

''پاکستان آرمی زندہ باد، پاکستان پائندہ باد''