ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر سے اب تک 11,892 غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جن میں بڑی تعداد افغان باشندوں کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہناہے کہ انخلا کی اس مہم کے دوران 12,274 غیر قانونی افراد کو مختلف ہولڈنگ سنٹرز منتقل کیا گیا، جبکہ اس وقت بھی 382 افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔لاہور میں 5 جبکہ پورے صوبے میں مجموعی طور پر 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ غیر قانونی مقیم افراد کو قانونی طریقہ کار کے مطابق نکالا جا سکے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور اس عمل کے دوران انسانی حقوق کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ انخلا کے عمل کو مزید تیز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی ادارے انٹیلی جنس بیسڈ معلومات کی مدد سے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی میں مصروف ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق مہم کا مقصد نہ صرف سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور قومی پالیسی پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنانا ہے۔