ویب ڈیسک: لاہور میں 5 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران پولیس پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں انسداد دہشتگردی عدالت نے خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے ایڈمن جج منظر علی گل کی جانب سے جاری کردہ ایک صفحے پر مشتمل تحریری فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے دی گئی درخواست میں علی امین گنڈاپور، حماد اظہر اور دیگر نامزد ملزمان کو جان بوجھ کر روپوش قرار دیا گیا ہے۔
تحریری حکم کے مطابق پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ نامزد ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہو چکے ہیں، اور ان کے خلاف مقدمہ لاہور کے تھانہ مستی گیٹ میں دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
عدالت نے پولیس کی جانب سے دی گئی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کی درخواست کو "مناسب" قرار دیتے ہوئے اسے منظور کر لیا اور علی امین گنڈاپور، حماد اظہر سمیت دیگر ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر تشدد، سرکاری کام میں مداخلت اور عوامی امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزامات پر درج کیا گیا تھا۔