ویب ڈیسک: (علی زیدی) معروف امریکی چپ ساز کمپنی انٹیل رواں ہفتے اپنے 20 فیصد سے زائد ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ سامنے لانے والی ہے۔
بلومبرگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق، یہ اقدام کمپنی کی تنظیم نو اور بیوروکریسی کے خاتمے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ فیصلہ نئے سی ای او ٹین لپ بو کی قیادت میں لیا جا رہا ہے، جنہوں نے گزشتہ ماہ انٹیل کی باگ ڈور سنبھالی۔ وہ کمپنی کو گزشتہ چند برسوں سے درپیش مالی اور تکنیکی مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بلومبرگ کا کہنا ہے کہ یہ چھانٹیاں انٹیل کی انجینئرنگ پر مبنی کلچر کی بحالی کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہیں۔
گزشتہ ماہ ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ ٹین لپ بو کمپنی کی چپ بنانے کی حکمت عملی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے منصوبوں میں بڑی تبدیلیاں لانے پر غور کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کو انتظامی سطح پر موجود "سست روی اور غیر ضروری بھرتیوں" کا سامنا ہے، جس کے باعث سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔
گزشتہ ہفتے ذرائع نے مزید رپورٹ کیا کہ انٹیل کے نئے سی ای او نے قیادت کے ڈھانچے کو سادہ بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے اور اہم شعبہ جات اب براہ راست انہیں رپورٹ کریں گے۔
یہ نئی چھانٹیاں گزشتہ سال اگست میں کیے گئے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہیں، جب کمپنی نے اپنے عملے میں 15 فیصد کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت انٹیل کا ہدف 10 ارب ڈالر کی لاگت میں کمی لانا تھا تاکہ کمپنی اپنے بنیادی شعبوں – پی سی اور ڈیٹا سینٹرز – میں کم ہوتی ہوئی آمدنی کا سامنا کر سکے اور مہنگے AI چپس کے شعبے میں سرمایہ کاری کر سکے، جہاں انٹیل دیگر کمپنیوں جیسے انویدیا سے پیچھے ہے۔
کمپنی کے 2024 کے اختتام پر مجموعی ملازمین کی تعداد 1,08,900 تھی۔
انٹیل اپنی پہلی سہ ماہی کے مالی نتائج جمعرات کو جاری کرے گی۔