پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئےسرمایہ کاری،انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کیساتھ معاہدہ

پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئےسرمایہ کاری،انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کیساتھ معاہدہ
کیپشن: پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئےسرمایہ کاری،انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کیساتھ معاہدہ

ویب ڈیسک: پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے، جہاں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے ساتھ سرمایہ کاری کے لیے باضابطہ معاہدہ کر لیا گیا ہے۔ اس پیشرفت میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (SIFC) کا کلیدی کردار رہا۔

تفصیلات کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار کی زیر نگرانی اس معاہدے کا مقصد ملک میں ای وی ٹیکنالوجی کی مقامی تیاری اور پائیدار نقل و حمل کے نظام کی جانب قدم بڑھانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پالیسی اور ریگولیٹری سطح پر اصلاحات بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ سرمایہ کاری کو مزید پرکشش بنایا جا سکے۔

الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ ماہرین معیشت نے اس بین الاقوامی شراکت داری کو ملک کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

دوسری جانب، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بھی ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے بنیادی ٹیرف میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق، چارجنگ نرخ 45.55 روپے فی یونٹ سے کم کر کے 23.57 روپے فی یونٹ مقرر کر دیے گئے ہیں، جس سے صارفین کو فی یونٹ تقریباً 22 روپے کا بڑا ریلیف ملا ہے۔

علاوہ ازیں، چارجنگ اسٹیشنز پر لاگو 24.44 روپے فی یونٹ کیپڈ مارجن بھی ختم کر دیا گیا ہے، اور اب اس کا تعین مارکیٹ کے اصولوں کے تحت ہوگا۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حکومت کی گرین انرجی پالیسی اور ای وی انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

حکومت کی جانب سے نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق، اس فیصلے کا مقصد چارجنگ انفراسٹرکچر کی لاگت میں کمی لانا اور صارفین کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کو مزید قابلِ رسائی بنانا ہے۔

Watch Live Public News