ویب ڈیسک:آزادی مارچ کیسز میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نےبانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے خلاف 2 مقدمات کی سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور دیگر رہنماؤں کے خلاف آزادی مارچ سے متعلق درج 2 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے وکیل سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ وکلاء صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایف آئی آر میں کردار صرف رول 109 کی حد تک محدود ہے اور اس مقدمے میں ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں۔
وکلاء صفائی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بریت کی درخواست گزشتہ ڈیڑھ سال سے زیر التوا ہے جبکہ وہ اسی نوعیت کے دیگر 2 مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کوشش کی جائے گی کہ آئندہ سماعت پر کیس کو نمٹا دیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 26 مئی تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف آزادی مارچ سے متعلق دونوں مقدمات تھانہ کوہسار میں درج کیے گئے تھے۔