ویب ڈیسک: پوپ فرانسس کا تابوت منگل کے روز سینٹ پیٹرز باسیلیکا پہنچا، جہاں عوام کو آخری دیدار کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ ویٹیکن حکام کے مطابق، تابوت کو مذہبی رسومات کے بعد خصوصی جلوس کی صورت میں کلیسا میں لایا گیا۔
سینٹ پیٹرز باسیلیکا، جو کیتھولک عیسائیوں کا روحانی مرکز تصور کیا جاتا ہے، اب پوپ کے چاہنے والوں کے لیے عوامی سوگ کی جگہ بن چکا ہے۔
بی بی سی کی خبر کے مطابق پوپ فرانسس کو آج صبح انکی رہائش گاہ کاسا سانتا مارٹا سے سینٹ پیٹرز باسیلیکا منتقل کیا گیا ہے۔ جہاں پر عوام ایک مخصوص اوقات کار میں انکا آخری دیدار کر سکیں گے۔
آج سے 26 اپریل تک عوام کو پوپ فرانسس کے آخری دیدار کی اجازت ہوگی۔ جس کے لیے ایک مخصوص شیڈول تیار کیا گیا ہے:
بدھ 23 اپریل - مقامی وقت کے مطابق 11:00 سے 24:00 تک
جمعرات 24 اپریل - مقامی وقت کے مطابق 07:00 سے 24:00 تک
جمعہ 25 اپریل - مقامی وقت کے مطابق 07:00 سے 19:00 تک
ہزاروں زائرین کی آمد متوقع ہے جو پوپ فرانسس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ویٹیکن کا رخ کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سوئس گارڈز کر ارکان کو آنجہانی پوپ کے تابوت کے پاس کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔
ویٹیکن کے اعلامیے کے مطابق، عوامی زیارت کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا، جس کے بعد آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
جب پوپ فرانسس کو سینٹ پیٹرز باسیلیکا منتقل کرنے کیلیے جلوس سینٹ پیٹرز اسکوائر سے گزرا تو وہاں عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ جبکہ پوپ فرانسس کے جسدِ خاکی کو سینٹ پیٹرز باسیلیکا منتقل کیے جانے کے بعد انہیں کارڈینلز کی جانب سے خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔