ویب ڈیسک: جاپان سے تعلق رکھنے والے ایک 33 سالہ میوزک پروڈیوسر کے لیے 10سالہ بچت سے خریدی گئی 8 کروڑ سے زائد کی نئی نویلی فراری ڈیلیوری کے ایک گھنٹے بعد ہی آگ کی لپیٹ میں آ کر تباہ ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنکون نامی پروڈیوسر نے فراری 458 اسپائیڈر خریدنے کے لیے تقریباً 10 سال تک رقم جمع کی لیکن بدقسمتی سے گاڑی لیتے ہی اسے چلاتے ہوئے جب وہ ٹوکیو کے شوٹو ایکسپریس وے پر پہنچے تو اچانک گاڑی سے دھواں اٹھنے لگا۔
ہنکون کا کہناہے کہ انہوں نے فوراً گاڑی سڑک کنارے روکی اور باہر نکلے، مگر صرف 20 منٹ کے اندر اندر پوری گاڑی شعلوں کی نذر ہو گئی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے جذبات شیئر کرتے ہوئے لکھا، "میری گاڑی ڈیلیوری کے صرف ایک گھنٹے بعد جل گئی. شاید میں جاپان میں واحد شخص ہوں جس کے ساتھ ایسا ہوا۔"

رپورٹس کے مطابق واقعہ کے دوران گاڑی میں اچانک آگ لگنے کی بنیادی وجہ انجن میں خرابی سمجھی جا رہی ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔

خیال رہے کہ جاپان میں فراری 458 اسپائیڈر کی قیمت تقریباً 43 ملین ین (یعنی ساڑھے آٹھ کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔