'اوورسیز پاکستانیوں کو عالمی معیار کی رہائشی سہولتیں دینا ہماری اولین ترجیح ہے'

'اوورسیز پاکستانیوں کو عالمی معیار کی رہائشی سہولتیں دینا ہماری اولین ترجیح ہے'
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بین الاقوامی معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک مقیمُ پاکستانیوں کے لیے عالمی معیار کی حامل رہائشی سہولتیں تعمیر کرنے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سابق ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل، چئیرمین CDA کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے وفاقی دارالحکومت میں جدید سہولیات سے آراستہ ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کیے جائیں۔ اس ضمن میں عالمی شہرت کی حامل تعمیراتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ان ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلدمکمل کیا جائے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود اور حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔