انگلش کرکٹ ٹیم کی مبینہ حدسے زیادہ شراب نوشی کی خبریں،تحقیقات کی یقین دہانی

انگلش کرکٹ ٹیم کی مبینہ حدسے زیادہ شراب نوشی کی خبریں،تحقیقات کی یقین دہانی
کیپشن: انگلش کرکٹ ٹیم کی مبینہ حدسے زیادہ شراب نوشی کی خبریں،تحقیقات کی یقین دہانی

ویب ڈیسک: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے مبینہ طور پر حد سے زیادہ شراب نوشی کے معاملے پر تحقیقات کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر راب کی نے کہا ہے کہ اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ اصل صورتحال سامنے آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کھلاڑیوں کے حد سے زیادہ الکحل استعمال کی اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو اس پر ضرور غور کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے کوئنزلینڈ میں تعطیلات گزاریں، جہاں وہ ساحلی تفریحی مقام نوسا میں مقیم رہے۔ اسی دوران کھلاڑیوں کی جانب سے حد سے زیادہ شراب نوشی کی خبریں منظر عام پر آئیں۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے راب کی نے کہا کہ اگر لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ کھلاڑیوں نے حد سے زیادہ الکحل استعمال کی ہے تو اس کی جانچ ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے اس قسم کے رویے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

راب کی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے کھلاڑی عمومی طور پر بہترین رویہ رکھتے ہیں اور چھٹیوں کے دوران بھی اسی قسم کے رویے کی اطلاعات ملی تھیں، تاہم اگر رپورٹس درست ثابت ہوئیں تو ایسا طرزِ عمل ناقابلِ قبول ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں نوسا ٹرپ پر کوئی اعتراض نہیں، بشرطیکہ یہ دورہ آرام، ساحل پر وقت گزارنے اور فونز سے دور رہنے تک محدود ہو۔

دوسری جانب ایشز سیریز کے ابتدائی تین ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد ہیڈ کوچ برینڈن میکلم پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے راب کی نے ان کی بھرپور حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ برینڈن میکلم ایک بہترین کوچ ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا ریکارڈ بھی متاثر کن ہے۔

Watch Live Public News